میر پور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ بی سیکشن پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر نیشنل ہائی وے پر کندھ کوٹ-کشمور روڈ کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 خطرناک ملزمان کو اسلحے کے بھاری ذخیرے سمیت گرفتار کر لیا۔
ڈی ایس پی گھوٹکی زاہد حسین میرانی، ایس ایچ او رفیق احمد سومرو اور ان کی ٹیم نے کارروائی کے دوران ناکہ بندی کر کے میاں والی کے رہائشی تین افراد محمد عمران ولد محمد اسلم نیازی، مزمل حسین ولد محمد حنیف شاہ، اور ظفر اقبال ولد احمد یار کلیار کو ایک ٹرالر (TLV 549) سمیت گرفتار کر لیا۔ ٹرالر سے دو ہزار کلاشنکوف اور جی تھری رائفلز کی گولیاں برآمد ہوئیں، جنہیں ملزمان پنجاب سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس نے ملزمان کو اسلحہ سمیت تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف مقدمہ نمبر 50/2025 بجرم دفعہ 23 سندھ آرمز ایکٹ درج کر لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسلحہ اسمگلنگ کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔ پولیس کی یہ کارروائی گھوٹکی میں اسلحہ کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔