گھوٹکی (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی کی شاہی بازار میں ہلچل اُس وقت مچ گئی جب ڈیوٹی انچارج سردار شاہ نے ایک اوباش نوجوان کو نازیبا حرکات کرتے ہوئے موقع پر ہی پکڑ لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ نوجوان بازار میں گھومتے ہوئے خواتین اور راہگیروں کو تنگ کر رہا تھا، جس پر دکانداروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ سردار شاہ نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو قابو کیا اور پولیس کی اضافی نفری طلب کی۔

پولیس نے گرفتار نوجوان کی شناخت خالد جویو کے نام سے کی، جو ڈہرکی کا رہائشی ہے۔ موقع پر گرفتار ہونے کے باوجود نوجوان نے ابتدائی طور پر اپنا نام اور شناخت بتانے سے انکار کیا اور پولیس کے ساتھ بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم بعد ازاں منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں وہ اپنا نام اور شناختی کارڈ دکھا کر پولیس پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا نظر آیا تاکہ اسے چھوڑ دیا جائے۔

پولیس حکام نے نوجوان کے رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر اے سیکشن تھانہ گھوٹکی منتقل کر دیا، جہاں اس کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ حکام نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بازاروں میں امن و امان قائم رکھا جا سکے اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Shares: