گھوٹکی: لغاری اور بوذدار قبائل کی دیرینہ دشمنی کے خلاف پولیس کا بڑا آپریشن

میرپورماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں تھانہ داد لغاری کی حدود میں لغاری اور بوذدار قبائل کے درمیان جاری دیرینہ دشمنی کے خاتمے کے لیے پولیس کا بھرپور ایکشن۔
ڈی ایس پی اباڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں 10 تھانوں کی بھاری نفری، 8 پولیس موبائلز، 4 اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ شر پسند عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔
پولیس نے کنڈیر شاخ کے نزدیک آپریشن کے دوران کئی مشکوک افراد کو گرفتار کیا اور شرپسندوں کے ٹھکانوں کو نذر آتش کرتے ہوئے مسمار کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ دشمنی 3/4 سال قبل دونوں قبائل کے 2/2 افراد کے قتل کے بعد شروع ہوئی تھی، جو اب زمین کے نئے تنازعے کے باعث شدت اختیار کر گئی ہے۔
ڈی ایس پی عبدالقادر سومرو نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔