مکہ مکرمہ: غسل کعبہ کی روح پرور تقریب آج ہوگی

غسل کعبہ کی روح پرور تقریب آج ہوگی۔

باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل شاہ سلمان کی نیابت میں آج خانہ کعبہ کو غسل دیں گے خانہ کعبہ کو غسل دینے کے عمل میں تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق حرمین انتظامیہ کی نگرانی میں یہ رسم انتہائی احترام سے ادا کی جائے گی جس میں شرکا کے تحفظ کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدارت عامہ برائے امور حرمین الشریفین نے بتایا کہ کرونا ایس او پیز کے تحت مسجد حرام میں دینی علوم، دروس قرآن اور دیگر علمی مجالس کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

صدارت عامہ برائے حرمین شریفین نے ایجنسی برائے دعوت وارشاد کے حوالے سے کہا ہے کہ کرونا وبا کی روک تھام کے لیے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر کی روشنی میں مسجد حرام میں علمی مجالس دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں اور طلباء اور دیگر افراد ان مجالس میں شرکت کر سکتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علمی مجالس کے لیے شاہ فہد باب سلم کے پاس کرسی نمبر 9 اور کرسی نمبر 10 علمی مجالس کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ایک مجلس میں 50 سے زیادہ افراد کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس کے علاوہ علمی مجالس میں شرکت کرنے کے لیے کرونا کی دو خوراکیں لگوانا، اعتمرنا ایپ سے رجسٹریشن کرانا، سماجی دوری، سینٹائزر کا استعمال اور دروس کے دوران چہرے کو ماسک سے ڈھنپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

Comments are closed.