بھارت میں گووا کے ساحلی علاقے آرپورا میں واقع معروف نائٹ کلب "برچ بائی رومیو لین” میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً 12 بجے خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 4 غیر ملکی سیاح اور 14 اسٹاف ممبران بھی شامل ہیں۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ متعدد افراد دم گھٹنے سے جان سے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ ڈانس فلور سے لگی، جہاں ’’بولی وُڈ بینگر نائٹ‘‘ جاری تھی اور تقریباً 100 سے زائد سیاح موجود تھے۔ کچھ شرکا جان بچانے کے لیے نیچے کچن کی طرف بھاگے، تاہم دھواں بھرنے سے وہاں بھی راستے بند ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق کلب میں باہر نکلنے کے راستے نتہائی تنگ تھے،چھت اور سجاوٹ میں خشک کھجور کے پتے استعمال کیے گئے تھے، جنہوں نے آگ کو مزید بھڑکا دیا،ابتدائی شواہد سے حفاظتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے
گووا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے صبح سویرے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ نائٹ کلب کا جنرل مینیجر گرفتار کر لیا گیا ہے،مالک کے خلاف بھی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا گیا ہے،سانحے کی مکمل تحقیقات کے لیے مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے
وزیراعلیٰ نے تصدیق کی کہ متعدد افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے کیونکہ وہ بروقت باہر نہ نکل سکے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سے رابطہ کیا اور امداد کا اعلان کیا۔جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے فی کس،زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے،وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی سانحے کو ’’بہت تکلیف دہ‘‘ قرار دیا اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا۔گووا کے گورنر پی اشوک گجاپتی راجو نے گووا میڈیکل کالج میں زیر علاج 6 زخمیوں کی عیادت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا “یہ بہت افسوسناک حادثہ ہے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ تمام زخمی جلد صحت یاب ہوں۔”گورنر کے مطابق چیف سیکریٹری نے انہیں بتایا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ریگولیٹری محکموں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
صبح سے ہی درجنوں لواحقین مردہ خانے کے باہر موجود ہیں۔ کچھ افراد جھارکھنڈ اور آسام سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے رشتہ دار ہیں، جن کے عزیز نائٹ کلب کے باورچی اور مددگار کے طور پر کام کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق کچھ لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں،مکمل شناخت اور پوسٹ مارٹم میں ایک دن کا وقت لگے گا
گووا چرچ نے 25 اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا “ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ سوگوار خاندانوں کو صبر اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔”
حکام کے مطابق ’’برچ بائی رومیو لین‘‘ کے خلاف پہلے بھی اوور کپیسیٹی،ساؤنڈ قوانین کی خلاف ورزی،غیر منظور شدہ تعمیرات جیسے معاملات کی شکایات سامنے آ چکی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ اس واقعے کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔








