گوجرہ ، باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) گوجرہ کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اسد زمان چیمہ، سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبد القدیر اعوان اور دیگر مقررین نے اثاثہ مارکی گوجرہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا انعقاد معروف سماجی و سیاسی شخصیت عاطف رؤف ملک عرف جوجی کی جانب سے نو منتخب صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ طارق حسین مرزا ایڈووکیٹ اور نو منتخب صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گوجرہ ڈاکٹر محمد سلطان کے اعزاز میں کیا گیا۔
تقریب میں وکلا، ڈاکٹرز، صحافیوں، انجمن تاجران، صرافہ ایسوسی ایشن اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے دونوں نو منتخب صدور کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سابق صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ شیخ محمد جاوید نے انجام دیے۔
تقریب کے میزبان عاطف رؤف ملک نے کہا کہ گوجرہ کے معزز اداروں کی قیادت ایسے باصلاحیت اور دیانتدار افراد کے ہاتھ میں آنا خوش آئند ہے جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
نو منتخب صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ طارق حسین مرزا اور صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر سلطان نے اپنے خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور محنت سے نبھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
عشائیے کے دوران گوجرہ کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی مسائل کے حل کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ شہر کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔