گوجرہ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف گوجرہ میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوجرہ سید یاسر علی شاہ، انجمن تاجران کے صدر چوہدری منصور بھنگو، جنرل سیکرٹری ملک امجد ضیاء اور صدر بار ایسوسی ایشن مرزا محمد طارق نے کی۔

ریلی میونسپل کمیٹی گوجرہ سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزری، جس میں وکلاء، تاجر، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بھارت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف شدید مذمتی کلمات درج تھے۔

فضا "قدم بڑھاؤ پاک فوج، قوم تمہارے ساتھ ہے” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی اشتعال انگیزیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں بلکہ ہمارے جذبے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Shares: