گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں لرزہ خیز واقعہ، جہاں دیور نے مبینہ طور پر اپنی بھابی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا، جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، چک نمبر 250 گ ب کے رہائشی ابو سفیان، جو لاہور میں ملازمت کرتا ہے، کی اہلیہ سونیا بی بی کو اس کے دیور کاشف رحمان نے اپنے گاؤں چک نمبر 159 گ ب بلایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، وہاں کاشف نے مبینہ طور پر سونیا بی بی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں چھری کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس موقع پر پہنچی، ملزم کو حراست میں لے کر آلہ قتل برآمد کر لیا اور نعش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ کے پاس اس کی نازیبا تصاویر موجود تھیں، جن کی بنیاد پر وہ اسے بلیک میل کر رہی تھی اور رقم کا مطالبہ کرتی تھی۔ پولیس نے اس دعوے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس نے واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقتولہ کے ورثاء کی جانب سے بھی قانونی چارہ جوئی متوقع ہے۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام ہو سکے۔

Shares: