گوجرہ: چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر تاجروں کا ایس ایچ او کے تبادلے کا مطالبہ
گوجرہ (نامہ نگار ،عبدالرحمن جٹ کی رپورٹ) جنرل سیکرٹری انجمن تاجران شیخ امجد ضیا نے پولیس کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے تھانہ سٹی گوجرہ کے ایس ایچ او کے فوری تبادلے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی گوجرہ کی حدود میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مونگی روڈ پر فارمیسی میں فائرنگ کے بعد ملزمان قتل کر کے فرار ہو گئے، جبکہ پولیس ملزمان کو ٹریس کرنے میں ناکام رہی۔
شیخ امجد ضیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر جمعہ تک ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو مرکزی انجمن تاجران ہفتے کے روز پولیس کے خلاف احتجاج کرے گی۔ انہوں نے پولیس کی نااہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ ہو چکے ہیں، جبکہ پولیس خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔
اہلیان گوجرہ نے بھی اعلیٰ افسران سے فوری نوٹس لینے اور ایس ایچ او سٹی گوجرہ کے تبادلے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے پولیس کی موجودہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظ یقینی بنایا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔