گوجرانوالہ: ڈاکوؤں کا پولیس سے مقابلہ، دو ہلاک
گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): شہر میں قانون کی حکمرانی بحال کرنے کے لیے پولیس کی کامیاب کارروائی میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ فیروزوالہ کے علاقے دھیرووالی میں چند روز قبل دو ڈاکوؤں نے ایک شہری کو قتل کرکے اس کی کار چھین لی تھی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
ملزمان کو میڈیکل چیک اپ کے لیے گوجرانوالہ میڈیکل کالج لے جایا جا رہا تھا کہ لوہیانوالہ نہر کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کرتے ہوئے ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو وہی ہیں جنہیں پولیس نے قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا کہ پولیس نے شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے کمر کس لی ہے۔ ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے پولیس ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی۔
شہر کے شہریوں نے پولیس کی اس کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس نے شہر کو خطرناک عناصر سے پاک کرنے کا بہترین کام کیا ہے۔