گولڈ میڈل پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں، ارشد ندیم

arshad nadeem

پیرس اولمپکس میں 40 برس بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ آج میرا دن تھا، میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کر سکتا تھا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میں ردھم میں تھا اور پرامید تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں گا، گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ کا شکر گزار ہوں ،اپنے والدین کی دعائیں میرے ساتھ تھیں ، پاکستانی قوم کی دعاؤں سے گولڈ میڈل جیتا ہوں، آج میں کامیاب ہوا گولڈ میڈل پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں، مجھے بتایا گیا کہ پاکستانی قوم جاگ رہی ہے میرے لئے، اب 14 اگست آ رہا ہے، اس کو بھر پور طریقے سے منائیں گے

بیٹے کو گلے لگانے کیلئے بے چین ہوں،والدہ ارشد ندیم

افواج پاکستان کے سربراہان کی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

واضح رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا ، پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا،ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں

پیرس اولمپکس: ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک گولڈ مڈل جتوا دیا

پیرس اولمپکس میں پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی،گولڈ میڈل جیتنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ہے،

ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں،صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں، ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے، شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا،ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

شاباش ارشد ندیم ،آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا.وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی جانب سے جیولین تھرو میں اولمپک میڈل جیتنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ اولمپک کی 118 سالہ ہسٹری میں منفرد تاریخی ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔شاباش ارشد ندیم ،آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا.پاکستان کو 32 سال بعد گولڈ میڈل دینے پر ہر پاکستانی آپکا شکرگزار ہے۔اولمپک میں تاریخ رقم کر کے آپ نے ثابت کیا کہ ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتا ہے۔قوم کے بیٹے اولمپئین ارشد ندیم پر والدین ہی نہیں ہم سب کو ناز ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ارشد ندیم نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ہے،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا۔

ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے،وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے،ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔

میئر سکھر کا ارشد ندیم کو سونے کاتاج پیش کرنے کا اعلان
پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اسپورٹس اسٹیڈیم کو ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کو سونے کا تاج پیش کریں گے، اولمپکس میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے پر سکھر میں زیر تعمیر نیو اسپورٹس اسٹیڈیم کو بھی ’ارشد ندیم اسٹیڈیم‘ کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان
میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان کیا ہے، مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ تھرو پھینکنے کے معاملے میں پہلے پوزیشن بھی ارشد ندیم کی ہے جبکہ دوسرا بڑا تھرو بھی انہوں نے ہی پھینکا ہے، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر سندھ حکومت کی جانب سے انہیں 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہیں

ارشد ندیم کی کامیابی ہر پاکستانی نوجوان کے لیے مشعل راہ ہے،عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے جیولین تھرور ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی او ر کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیت سے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں۔ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر آپ نے تاریخ رقم کردی ہے۔ ارشد ندیم کی کامیابی ہر پاکستانی نوجوان کے لیے مشعل راہ ہے، ان کی کامیابی نوجوانوں کو کھیل کی دنیا میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے، آپ کو میری طرف سے لاکھوں مبارکباد۔

ارشد نے واقعی بہت اچھی تھرو کی، انہیں اور ان کے ملک کو مبارک ہو۔ نیرج چوپڑا
پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ٹاپ جیولین تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا کا ردعمل سامنے آیا ہے انکا کہناتھا کہ اگرچہ انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن یہ ارشد ندیم کا دن تھا، ملک کے لیے تمغہ جیتنے سے ہمیشہ خوشی ملتی ہے، جب بھی ہم ملک کے لیے کوئی تمغہ جیتتے ہیں، تو ہم سب خوش ہوتے ہیں اب کھیل کو بہتر کرنے کا وقت آگیا ہے،بھارت کا قومی ترانہ بھلے ہی آج نہیں بجایا گیا ہو، لیکن مستقبل میں یہ کہیں اور ضرور بجایا جائے گا ارشد نے واقعی بہت اچھی تھرو کی، انہیں اور ان کے ملک کو مبارک ہو۔

قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے آج نوازا جائیگا
پاکستان کے لیے اولمپکس میں 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو آج انعام دیا جائے گا، ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کے ارشد ندیم کو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، پیرس اولمپکس میں قومی اتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے آج نوازا جائیگا،پاکستانی وقت کے مطابق کھلاڑیوں میں میڈل تقسم کرنے کی تقریب 4 بجکر 50 منٹ پر شروع ہوگی،میڈل تقریب میں ارشد ندیم سمیت پیرس اولمپکس کے 13ویں روز فائنل جیتنے والے والے کھلاڑیوں کو میڈل دیے جائینگے،میڈل تقریب آئفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں ہوگی،گزشتہ رات ارشد ندیم نے جیولن تھرو فائنل میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو لگا کر گولڈ میڈل جیتا تھا، ارشد ندیم کا پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے،ارشد ندیم فوری وطن واپس آنے کے خواہشمند ہیں، پاکستانی اسٹارارشد ندیم اور ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کل پاکستان روانہ ہونے کا امکان ہے،

گلوکار علی ظفر کا ارشد ندیم کیلئے انعام کا اعلان ،کہا کھلاڑیوں‌کو سپورٹ ملے تو ….
پاکستان کے لئے 40 برس بعد گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لئے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے انعام کا اعلان کیا ہے، ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے علی ظفر نے ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "ہ میں علی زی فاؤنڈیشن کی جانب سے ارشد ندیم لیے ایک ملین کے انعام کا اعلان کرتا ہوں ، آئیے اپنے ہیروز کی کامیابی کا وہ جشن مناتے ہیں جس کے وہ مستحق ہیں”،علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کا ہیرو کی طرح استقبال کریں اور ان کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کریں، اگر ہمارے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم سال میں 10 گولڈ جیت سکتے ہیں

گولڈ میڈل جتینے پر پاکستان کے قومی کھلاڑیوں کی ارشد ندیم کو مبارکباد
گولڈ میڈل جتینے پر پاکستان کے قومی کھلاڑیوں نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا کہنا تھاکہ ارشد ندیم نے سر دھڑ کی بازی لگائی ہے،سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ریکارڈ تھرو پر ارشد ندیم کو شہزادہ قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی،فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم لاکھوں لوگوں کے لیے متاثر کن شخصیت ہیں، پورا پاکستان فخر سے ارشد ندیم کے ساتھ کھڑا ہے،فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہم فخر کے ساتھ اس تاریخی لمحے کا جشن منا رہے ہیں،قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم آپ کو سلیوٹ ہے، آپ کے عظیم کارنامے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں، ارشد ندیم، ان کی فیملی اور پوری قوم کو مبارکباد

ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ،شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی رہنما،سینیٹر شیری رحمٰان نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے تاریخی ہے، ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے،ارشد نے 32 سال بعد ایک بار پھر اولمپکس گیمز میں پاکستان کا پرچم بلند کیا، ارشد ندیم کی کامیابی نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں، ان کی اس کامیابی پر پوری قوم ان کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔

ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کو یوم آزادی کا تحفہ پیش کیا،رمضان چھیپا
معروف سماجی رہنما محمد رمضان چھیپا نے ارشد ندیم کو جیولین تھرو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پرمبارکباد دی ،اور کہا کہ شاباش ارشد ندیم ،پوری قوم کو آپ پر فخر ہے ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کو یوم آزادی کا تحفہ پیش کیا،ارشد ندیم کی انتھک محنت اور قوم کی دعائیں رنگ لائیں،عظیم الشان فتح پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،ارشد ندیم نے اولمپکس جیولین تھرو کے فائنل میں 92.97 میٹر کی تھرو کا ریکارڈ قائم کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا سمیت دیگر ایتھلیٹس کو شکست دے کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا،ارشد ندیم نے32 برس بعد پاکستان کیلئے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی ، ارشد ندیم نے تاریخ ساز اور نا قابل فراموش کارنامہ سرانجام دیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،

مریم نواز کا ارشد ندیم کیلیے 10 کروڑ روپے انعام، ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے، مریم نواز کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا،انہوں نے مشکلات کے باوجود 40 سال بعد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا ہے،ساتھ ہی اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے،پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔

Comments are closed.