آج کل جب بھی کوئی شخص کسی مقام پر سفر کرتا ہے، امتحان دینے جاتا ہے، یا کسی تقریب میں شرکت کے لیے نکلتا ہے، وہ راستہ معلوم کرنے کے لیے گوگل میپ کا سہارا لیتا ہے۔ چاہے وہ کار ہو، موٹر سائیکل ہو یا کوئی اور گاڑی، نیویگیشن کا استعمال عام ہو چکا ہے۔ لیکن گزشتہ چند مہینوں میں گوگل میپ کی غلطی کی وجہ سے متعدد جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں، اور ان حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

تازہ ترین واقعہ گریٹر نوئیڈا میں پیش آیا، جہاں ایک اسٹیشن ماسٹر گوگل میپ کی غلط رہنمائی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گئے۔ ان کی گاڑی ایک پُل سے 30 فٹ نیچے سیور میں جا گری۔ اس حادثے کی اطلاع فوری طور پر مقامی لوگوں نے پولیس کو دی، اور زخمی اسٹیشن ماسٹر کو اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولنس بلائی گئی، لیکن بدقسمتی سے اسپتال پہنچتے پہنچتے ان کی موت ہو گئی۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ گوگل میپ کی غلطی کی وجہ سے کسی کی جان گئی ہو۔ گزشتہ تین سے چار مہینوں میں ایسے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ چند ماہ قبل بریلی میں ایک نصف تعمیر شدہ پُل سے گر کر تین افراد کی موت ہوئی تھی، اور اسی طرح بجنور میں بھی ایک نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا کیونکہ اس نے آنکھیں بند کر کے گوگل میپ پر بھروسہ کیا تھا۔گزشتہ چند ماہ میں اس نوعیت کے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بھی کافی زیادہ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ حادثے کا شکار ہونے والے اسٹیشن ماسٹر کی شناخت دہلی کے منڈاولی کے رہائشی بھرت بھارتی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ 2 دیگر افراد کے ساتھ ایک شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، اور یہ حادثہ یکم مارچ کو گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر پی 4 میں پیش آیا۔

بھرت بھارتی کے بھائی دلیپ بھارتی نے بتایا کہ "بھرت راستہ بھٹک گئے تھے اور انھوں نے مجھے راستہ پوچھنے کے لیے فون کیا تھا۔ میں نے انھیں صحیح راستہ بتایا تھا، جسے انہوں نے گوگل میپ پر ڈالا، لیکن گریٹر نوئیڈا کے سیکٹر پی 4 کے قریب نیویگیشن نے صحیح طریقے سے کام نہیں کیا۔ گوگل میپ نے گاڑی کے ڈرائیور کو الرٹ نہیں کیا، اور نتیجتاً ان کی گاڑی 30 فٹ گہرے سیور میں جا گری۔”مقامی لوگوں نے بتایا کہ جہاں یہ حادثہ ہوا ہے، اس جگہ پر گوگل میپ کی وجہ سے پہلے بھی کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ اس حادثے کے بعد پولیس نے اس مقام پر بیریکیڈنگ کر دی ہے تاکہ مستقبل میں مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

یہ واقعہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ گوگل میپ اور دیگر نیویگیشن سروسز پر مکمل بھروسہ کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اور ان کی رہنمائی کے نتیجے میں ہونے والے حادثات پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے

Shares: