اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور نعیم بشیر نے سرکاری ادویات کی چوری میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سرکاری ادویات چوری کے مرکزی ملزم نعیم اللہ ولد سخی محمد کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے سات اقسام کی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات برآمد کر لی گئیں۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نعیم اللہ سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور میں ملازمت کے دوران سرکاری ادویات چوری کر کے مقامی نجی فارمیسیز کو فروخت کرتا رہا۔ مزید تفتیش کے دوران سرویڈ فارمیسی حویلی لکھا سے بھی بھاری مقدار میں چوری شدہ ادویات برآمد کی گئیں، جس پر اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث فارمیسی کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ادویات کی چوری ایک سنگین جرم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف چوروں کے خلاف بلکہ چوری شدہ دوا خریدنے اور بیچنے والی فارمیسیز کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے مرکزی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید شواہد اکٹھے کرنے اور ملوث گروہ کی مکمل تحقیقات کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور عوامی صحت کے حق میں اس قسم کے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔