علامہ سید مبارک علی موسوی کی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات، تحفظ بنیاد اسلام بل پرتحفظات کا اظہار

0
36

لاہور:علامہ سید مبارک علی موسوی کی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات، تحفظ بنیاد اسلام بل پرتحفظات کا اظہار،اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی ،شوری عالی کے رکن علامہ سید مبارک علی موسوی نے اعلی سطح وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور تحفظ بنیاد اسلام بل کے حوالے سے انہیں اپنے تحریری موقف سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بل آئین پاکستان اور قرار دادمقاصد سے ہم آہنگ نہیں۔اس بل کے ذریعے ملت تشیع پر اپنا عقیدہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی جو ایک اسلامی نظریاتی ریاست کو مسلکی ریاست میں بدلنے کی سازش ہے۔بل کے مندرجات پر ملت تشیع سے مشاورت نہ کرنا بدنیتی اور بددیانتی کو ظاہر کرتا ہے۔یہ بل اہل تشیع کے نظریہ امامت پر وار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تکفیری قوتوں کے شرپسندانہ عزائم واضح ہو چکے ہیں جو صوبے میں انارکی پھیلا کر ملک و قوم کی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔انہوں نے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ کہ وہ بل کو قانون بننے کی منظوری نہ دیں اور اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا جائے۔

گورنر پنجاب نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی بھی قانون کی منظوری نہیں دی جا سکتی جس سے معاشرتی تقسیم کا ڈر ہو۔ملت تشیع کے تحفظات کو کسی صورت رد نہیں کیا جا سکتا ۔ممبر پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی،علما امامیہ پاکستان کے ترجمان علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور نمائندہ مدارس امامیہ علامہ محمد اقبال کامرانی بھی وفد میں موجود تھے۔

Leave a reply