گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلن اور وزارت دفاع کے سینئر مشیر فرانسسکو میریو ٹیلونے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔
باغٰی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر اٹلی کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل ڈینیلو گوئیر ڈانیلا اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن اگیسٹو پالمیری بھی موجود تھے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ، وفود کے تبادلوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاک اٹلی دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، اٹلی کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ صوبہ میں بھی سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی سے تجارت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں۔اٹلی کی وزارت دفاع کے سینئر مشیر نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔اٹلی کی سفیر اور وزارت دفاع کے سینئر مشیر نے وفد کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی کمرہ کا دورہ بھی کیا،اٹلی کی سفیر نے کہا کہ گورنر انیشیٹیوز کے تحت جاری راشن ڈرائیو اور آئی ٹی کورسز قابل تحسین اقدامات ہیں۔اٹلی کی سفیر اور اٹلی وزارت دفاع کے سینئر مشیر نے گورنر ہائوس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا،دونوں ممالک کے قومی ترانوں پر دونوں ممالک کے پرچموں کی الگ الگ پرچم کشائی بھی کی گئی، اٹلی کی سفیر نے گورنر ہائوس میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کئے ، قبل ازیں اٹلی کی سفیراور اٹالین وزارت دفاع کے سینئر مشیر کو گورنر ہائوس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔