حکومت نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ، صدر پریس کلب ارشد انصاری
لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر ارشد انصاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز، اراکین گورننگ باڈی عمران شیخ، محمد احمد رضا، محمد شاہد چوہدری، رانا طاہر، حسن تیمور، محمد حسنین چوہدری، گل نواز احمد قاسم رضا اور فاطمہ مختار بھٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں لاہور پریس کلب ، صحافی کالونی بی و ایف بلاکس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر کی موجودگی میں مختلف محکموں کو احکامات جاری کئے جس کے مطابق ایف بلاک میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کیلئے ایل ڈی اے چند روز میں لیٹر جاری کردے گا جس کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے۔
ارشد انصاری نے کہا کہ بی بلاک کے متاثرین کو متبادل پلاٹس دینے اور پلاٹوں کے قبضے چھڑانے کی بھی حکمت عملی فائنل کر لی گئی ہے تاہم اسے فی الحال مصلحتاً افشاءنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پریس کلب کے ارکان کو ہیلتھ کارڈز کے اجراءکیلئے سیکرٹری صحت مومن آغا کو احکامات دے دیئے گئے ہیں ۔ صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کرکے لاہور کے ارد گرد تمام سرکاری زمینوں کی فہرست فوری تیارکرنے کا حکم دے دیا۔ صحافی کالونی کے مسائل حل کرنے کیلئے قائم مینجمنٹ کمیٹی کو معاملات چلانے کیلئے مکمل با اختیار بنا دیا گیا اور اس بارے میں پنجاب جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کے ایم ڈی اور سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر کو مکمل تعاون کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
صحافی کالونی میں بجلی کے انتظامات لیسکو کے حوالے کرنے کیلئے چیف ایگزیکٹو لیسکو کو فون پر ہدایات جاری کی گئیں جس کے تحت منگل کو لاہور پریس کلب کے عہدیداران لیسکو چیف سے ملاقات کریں گے جبکہ صحا فی کالونی میں سیوریج و پانی کا انتظام واسا کے حوالے کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دے دی گئی اور ایم ڈی واسا کو طلب کرکے ہدایات جاری کی گئیں کہ آئندہ چند روز میں تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں۔
اس اجلاس میں گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر نیوز ون، نوا ئے وقت، جنگ ، پبلک نیوز، بول اور دیگر اداروں جبکہ دنیا نیوز،ایکسپریس ، آپ اور دیگر اداروں میں جبری برطرفیوں کے خلاف تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال اور وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں قائم کی گئی مذاکراتی کمیٹی میں جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملات پوری شدت سے اٹھانے کی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مذاکراتی کمیٹی میں پروگریسو گروپ کے نمائندے سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں کی شمولیت بھی کروائی جائے گی تاکہ پوری صحافی برادری کی نمائندگی کمیٹی میں نظر آسکے۔
اجلاس میں ایف بلاک کی الاٹمنٹ میں 2007 ءکے ممبران کی اصل فہرست سے ہٹ کر الاٹ کئے گئے پلاٹس اور 2007 ءکی فہرست سے محروم کئے گئے ممبران کی تحقیقات کیلئے سیکرٹری پریس کلب زاہد عابد کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو 10 روز میں اپنی رپورٹ گورننگ باڈی کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ گذشتہ گورننگ باڈی نے ایسے لوگوں کو ایف بلاک پلاٹس کے فارم جاری کئے جو اصل لسٹ کا حصہ نہیں تھے ۔ کمیٹی میں نائب صدر ناصرہ عتیق، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی عمران شیخ اور حسنین چوہدری شامل ہوں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کی وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی مد میں 2 کروڑ روپے کی سمری کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں سے پہلی قسط اسی ماہ کے دوران جاری ہو جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تزین و آرائش شدہ کیفے ٹیریا کا افتتاح اگلے ہفتے کے آخر میں ہوگا۔اجلاس میں پریس کلب کی آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے نئے منصوبے اور تجاویز کو سامنے لانے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ کی تجویز پر ایف بلاک کے معاملات کے حوالے سے کور کمیٹی کے ساتھ ایک مشاوراتی اجلاس بلانے کی بھی منظوری دی گئی۔