حکومت کا یوٹرن، سیاسی پناہ کے خواہاں افراد کیلئے پاسپورٹ معطل کرنے کا فیصلہ واپس
وفاقی حکومت نے یوٹرن لے لیا،حکومت نے بیرون ملک سیاسی پناہ کے خواہاں افراد کیلئے پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا گیا،اجلاس میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری داخلہ، حکام وزارت خارجہ اوردیگرشریک ہوئے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت پاسپورٹ اجرا کی سہولت پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پاسپورٹ کا 60 دن کے اندر اجرا کردیا جائے گا،بیرون ملک سیاسی پناہ کے خواہاں افراد کیلئے پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا
واضح رہے کہ سیاسی پناہ کےخواہاں افراد کو پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے کا سرکلر 5 جون 2024 کو جاری کیا گیا تھا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی وزارت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ملکی سلامتی اور سکیورٹی کے تناظر میں وزیر داخلہ نے بڑا اقدام اٹھائے ہوئے بیرون ملک پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،وزارت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے، ان کو پاسپورٹ نہیں ملے گا، ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے اور ان کی دوبارہ تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔