ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں بلا امتیاز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کے مطابق شہر سمیت بڑے ٹاؤنز اور قصبات کو تجاوزات سے پاک کر کے کشادہ اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے تجاوزات از خود ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر کالا میں تجاوزات آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کے گن مین سے سرکاری اسلحہ چھیننے اور سنگین دھمکیاں دینے پر سات افراد کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان کی مدعیت میں تھانہ کالا میں درج کیا گیا۔
چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل کا کہنا ہے کہ 30 سال بعد ضلع کونسل کی حدود میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ کالا، شاہ صدر دین، کوٹ چھٹہ سمیت دیگر ٹاؤنز اور قصبات میں بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی شیڈ، تھڑے اور تعمیرات گرائی جا رہی ہیں۔ آپریشن میں پولیس، ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے 30 سے زائد اہلکار اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف آفیسرز کی سربراہی میں حصہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ روز کالا، درے ڈھولے والی، پیر عادل سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔