امرود، صحت بخش زندگی کا قدرتی خزانہ

امرود، صحت بخش زندگی کا قدرتی خزانہ
تحریر :ڈاکٹرغلام مصطفے بڈانی
امرودجوایک ایسا پھل ہے جو قدرت کا انمول تحفہ ہے جسے صحت کا خزانہ کہا جا سکتا ہے۔ یہ دو اقسام میں پایا جاتا ہے، ایک سفید گودے والا اور دوسرا سرخ گودے والا۔ کچا امرود سبز جبکہ پکا ہوا زردی مائل سفید اور خوشبودار ہوتا ہے۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں نظامِ ہاضمہ کی بہتری، دل اور دماغ کی تقویت شامل ہیں۔ کچا امرود قابض ہوتا ہے جبکہ پکا ہوا قبض ختم کرنے میں مددگار ہے۔ یہ دل کو مضبوط کرتا، ذہنی دباؤ کو کم کرتا اور بھوک بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ زکام، کھانسی اور بواسیر کے لیے بھی امرود نہایت مفید ہے۔

امرود وٹامن اے، سی، کیلشیم، آئرن اور فاسفورس سے بھرپور ہوتا ہے جو جسمانی صحت کو مضبوط بناتے ہیں۔ اس کے پتوں اور چھال کا استعمال مختلف بیماریوں کے علاج میں کیا جاتا ہے۔ امرود کے پتوں کا جوشاندہ مسوڑھوں کی بیماریوں، دانتوں کے درد اور ہیضے کے علاج کے لیے مفید ہے۔ اس کے پتوں کا لیپ جلی ہوئی جلد پر لگانے سے جلن کم ہوتی ہے اور زخم جلد بھر جاتے ہیں۔ امرود کے پھولوں کا رس پتے کی پتھری ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، بشرطیکہ مرض زیادہ نہ بڑھا ہو۔

امرود معدے کی تیزابیت ختم کرنے، پیٹ کے اپھارے کو کم کرنے اور جگر کے افعال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کمزور معدے کے لیے امرود کا شربت بھی بنایا جا سکتا ہے، جو نظامِ ہاضمہ کو مضبوط کرتا ہے۔ اس کے علاوہ امرود کے بیج آنتوں سے زہریلے مادے نکالنے میں مدد دیتے ہیں اور دائمی قبض کے علاج میں مؤثر ہیں۔

زکام اور کھانسی کے علاج کے لیے کچے امرود کو گرم راکھ میں پکا کر کھانا مفید ہے جبکہ نرم کونپلوں کا جوشاندہ نزلہ ختم کرتا ہے۔ امرود پیاس کی شدت کم کرتا اور جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ امرود کا متواتر استعمال خون صاف کرتا، بلغم کو ختم کرتا اور منہ میں پانی آنے کی شکایت کو دور کرتا ہے۔ تاہم امرود کھانے کے فوراً بعد پانی پینے سے گریز کریں تاکہ اس کے فوائد زیادہ مؤثر ہوں۔

یہ حیرت انگیز پھل اپنی غذائیت اور طبی فوائد کے باعث ایک قدرتی دوا ہے۔ اپنی روزمرہ خوراک میں امرود کو شامل کریں اور صحت مند زندگی کا لطف اٹھائیں۔

Comments are closed.