گجر،اورنگی نالوں سے باقی مکانات ایک ماہ میں گرادی جائینگی

0
30

کراچی میں گجر اور اورنگی ٹاؤن نالوں کے اطراف سے لیز و غیر لیز یافتہ مکانات کے انہدام کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ ایک ماہ تک چلے گا۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات کے سینیئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے جمعرات کو سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ دونوں نالوں پر بیک وقت کارروائی جاری ہے اور یہ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا۔گجر نالے پر انسداد تجاوزات کا یہ آپریشن لیاقت آباد، لںڈی کوتل اور شفیق موڑ کے علاقوں میں جاری ہے، جس کیلئے دونوں نالوں پر ہیوی مشنری کے علاوہ ملازمین کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ گجر نالے کی دو طرفہ لمبائی مجموعی طور پر 26 کلومیٹر بنتی ہے جبکہ اس میں سے افسران کے بقول 9 کلومیٹر کی پٹی پر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے۔اورنگی نالے کے 3 مقامات ایسے ہیں جہاں آپریشن جاری ہے جن میں اسماعیل گوٹھ، وحید آباد اور چمن سنیما شامل ہیں۔ اس نالے کے دونوں اطراف کی کل طوالت 22 کلومیٹر بنتی ہے جس میں سے 7 کلومیٹر کا حصہ تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے۔بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ضلعی انتظامیہ کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور سٹی وارڈنز کی موجودگی میں کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی اپنے انفرا اسٹرکچر کی نشاندہی کی غرض سے ان سائٹس کا دورہ کرتے ہیں۔کے ایم سی کے سینیئر ڈائریکٹر نے بتایا کہ برساتی نالوں کو مون سون کے آغاز سے قبل ہی تمام تجاوزات سے پاک کردیا جائے گا۔یاد ہے کہ گجر نالے پر مکانات کے انہدام کی کارروائی 18 فروری جبکہ اورنگی نالے پر فروری کے آخری ہفتے میں شروع ہوئی تھی۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی محمودآباد نالے سے تجاوزات کا خاتمہ کرچکی ہے۔ حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت کی جانے والی اس کارروائی کا مقصد ان تینوں نالوں میں برساتی پانی کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

Leave a reply