گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں ایک افسوسناک واقعے میں 4 افراد قتل اور 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق قتل کے یہ المناک واقعات تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن، فیروزوالا، واہنڈو اور جناح روڈ کے علاقوں میں پیش آئے۔ مختار کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک بھائی کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ گلہ رمضان والا میں ایک حافظ قرآن کو چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
حکام نے مزید بتایا کہ جھنگی میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر ایک شخص کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا گیا۔ چھبوکی میں بھی ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کی جان لے لی۔ پولیس نے تمام لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی الگ الگ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم بدقسمتی سے تمام ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔