شوبازی کا دور گزر چکا، مافیاز کسی صورت برداشت نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

0
37

گوجرانوالہ ڈویژن میں کن منصوبوں‌ پر کام کیا جائے گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتا دیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا اجلاس میں گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس شامل کرنے کی تجاویز پر غورکیا گیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ صوبے میں ماڈل تھانوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انصاف ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے مزید کہا کہ حافظ آباد میں یونیورسٹی کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ کھاریاں منڈی بہاؤالدین روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ سکولوں اور ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈز دیں گے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بھی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ہم سب نے ٹیم ورک کے طورپر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ ماضی میں ذاتی نمائش کیلئے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ شوبازی کا دور گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے سماجی شعبوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ہر طرح کے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ طاقتور قبضہ مافیا کو نکیل ڈالی ہے۔ عثمان بزدار

صوبائی وزراء پیر سید سعیدالحسن شاہ، محمد اخلاق، محمد رضوان،اراکین قومی اسمبلی، سید فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری، چوہدری شوکت علی بھٹی، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات،چوہدری لیاقت علی، محمد ارشد چوہدری، محمد طارق تارڑ، ساجد احمد خان، گلریز افضل گوندل اور محمد مامون تارڑ نے اجلاس میں شرکت کی،

چیف وہیب رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ،سیکرٹری گڈ گورننس پنجاب اعجاز منہاس،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، آر پی او گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی اوز نے بھی اجلاس میں شرکت کی

Leave a reply