گوجرانوالہ: محکمہ ماحولیات میں رشوت خوری کا انکشاف، انسپکٹر معطل
گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی)محکمہ ماحولیات میں بڑے پیمانے پر رشوت خوری کا انکشاف ہوا ہے۔ عوام کی شکایات کے بعد کمشنر گوجرانوالہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محکمے کے عارضی انسپکٹر غلام رسول کو معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، غلام رسول کو تقریباً چار ماہ قبل انسپکٹر کا عارضی چارج دیا گیا تھا۔ اس نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے فیکٹری مالکان سے بھاری رشوت وصول کی اور ان پر جھوٹے مقدمات درج کیے۔ اس کے ڈرائیور رانا سلیم بھی اس میں اس کا ساتھی تھا۔
فیکٹری مالکان اس بھتہ خوری سے تنگ آکر کمشنر گوجرانوالہ سے رجوع ہوئے۔ کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے غلام رسول کو معطل کر دیا اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ غلام رسول کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں پہلے سے ہی رشوت طلب کرنے کی شکایت درج ہے۔
اس کارروائی پر کھیالی سرکل کے فیکٹری مالکان نے کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کا شکریہ ادا کیا اور کرپٹ ملازم کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔