پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے قائدین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گستاخیاں روکنے کیلئے مسلم دنیا اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کیلئے پاکستان سمیت تمام مسلمان ملکوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے. پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو ایسے قوانین بنانے چاہیے جن کے تحت گستاخانہ مواد پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی ممکن ہو سکے۔شان رسالت ﷺ میں گستاخی کرنا دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔
اسلامو فوبیا کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم تحفظ ناموس رسالت منایا گیا، اس ضمن میں سحر و افطار کے موقع پر لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم تحفظ ناموس رسالت کے عنوان سے کانفرنسز و سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی. کانفرنسز و سیمینارز سے مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدر حافظ عبدالرؤف،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ،صدر پنجاب چوہدری محمد سرور ،مرکزی ترجمان تابش قیوم و دیگر نے خطاب کیا.مقررین نے اسلامو فوبیا کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور گستاخانہ حرکات کی روک تھام کے لیے عالم اسلام کو متحد ہونے کی تلقین کی۔
مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ مسلمانوں کی مقدس ہستیوں کی توہین کو جرم قرار دیا جا سکے،مسلمان اپنی دینی غیرت کا عملی مظاہرہ کریں اور اتحاد و یگانگت کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں۔نبی اکرمﷺ کی حرمت کادفاع پورے اسلام کا دفاع کرنا ہے۔ حرمت رسول ﷺ کے تحفظ کیلیے ہر مسلمان کو بڑھ چڑھ کر کردار اداکرنا چاہیے۔
حافظ عبدالرؤف،حافظ خالد نیک،قاری محمد یعقوب شیخ،چوہدری محمد سرور،تابش قیوم و دیگر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر توہین اسلام پر مبنی،نفرت انگیز مواد کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔یوم تحفظ ناموس رسالت کا مقصد مسلمانوں میں شعور بیدار کرنا اور دنیا کو یہ باور کروانا ہے کہ ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ شان رسالت ﷺ میں گستاخی کفر سے بڑا جرم ہے جسے آسمان سے بھی معاف نہیں کیا گیا۔دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ مسلمانوں کے لیے ناموس رسالت ریڈ لائن ہے۔