پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوین وقار کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 سالوں سے انڈسٹری میں معاوضے سے متعلق مسائل ناقابل برداشت ہو گئے ہیں-
باغی ٹی وی :اداکارہ نوین وقار نے گزشتہ دنوں ایک ویب شوکو انٹر ویو دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ جب سے میں اس انڈسٹری میں کام کر رہی ہوں پہلے معاوضے سے متعلق مسائل اتنے نہیں تھے لیکن گزشتہ 4 سالوں سے یہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے 2 سال پہلے مجھے کہا گیا کہ تمام اداکاراؤں کے معاوضے میں سے 35 فیصد کٹوتی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو اس کا اندازہ بھی نہیں ہے کہ ہم کن حالات میں کام کرتے ہیں اور اس پر بھی ہم اتنی محنت کرتے ہیں، آپ ہمیں ہمارے محنت کے پیسے ہی وقت پر دے دیں۔
نوین وقار کا کہنا تھا کہ میں خود ایسی پوزیشن پر ہوں جہاں مجھے لوگوں سے اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے ان کے پیچھے پڑنا پڑتا ہے، ابھی حال ہی میں مجھے ایک کال آئی کہ آپ اپنے پیسے لے جائیں جو مجھے ڈیڑھ سال پہلے ملنے تھے، میں تو اس کے بارے میں بھول چکی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ جب آپ کام کررہے ہوتے ہیں اور آپ محنت کرتے ہیں تو وہ آپ کی محنت کی کمائی ہوتی ہے اور آپ اپنی محنت کی کمائی کے لیے بھیگ مانگنا پسند نہیں کریں گے۔