حفیظ شیخ کے سینیٹ میں پہنچنےکی امیدیں پھرپیدا ہوگئیں

0
37

اسلام آباد :حفیظ شیخ کے سینیٹ میں پہنچنےکی امیدیں پھرپیدا ہوگئیں ،اطلاعات کے مطابق یوسف رضا گیلانی کی اپ سیٹ فتح کے باوجود حفیظ شیخ کو دوبارہ سینیٹ الیکشن لڑوانے کی تیاریاں شروع کردی گئی‌ہیں‌۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ملکی معیشت میں بہتری کیلئے تاحال آئی ایم ایف کی ضرورت ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کیساتھ معاملات ٹھیک رکھنے کی خواہاں ہے، تاکہ بیل آوٹ پیکج کے حصول میں کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہونے میں اہم کردار ادا کیا، اسی لیے حکومت سینیٹ کی اپ سیٹ شکست کے باوجود حفیظ شیخ کو عہدے پر برقرار رکھنے اور دوبارہ سینیٹ الیکشن لڑوانے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تاحال بطور سینیٹرر اپنی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔

حکومت اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسحاق ڈار کو ڈی سیٹ کروانے اور ان کی جگہ حفیظ شیخ کو الیکشن لڑوانے پر غور کر رہی ہے۔ اسحاق ڈار گزشتہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، اب اگر وہ ڈی سیٹ ہوتے ہیں تو آس صورت میں پنجاب میں اکثریت ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف باآسانی حفیظ شیخ کو سینیٹر منتخب کروا سکتی ہے۔

دوسری جانب ہفتے کے روز وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو بطور وفاقی وزیر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عبدالحفیظ شیخ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے حفیظ شیخ کی خدمات ہیں ، پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں حفیظ شیخ کا اہم کردار ہے

Leave a reply