حافظ آباد (خبرنگارشمائلہ) تھانہ صدر حافظ آباد پولیس نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اندھے قتل کا سراغ صرف 8 گھنٹوں میں لگا لیا۔
گزشتہ روز تھانہ صدر کی حدود میں ایک نوجوان کی لاش ملی تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا۔ نامعلوم ملزمان نے 24 سالہ نوجوان محمد اویس ولد محمد اسلم قوم موچی سکنہ جیلانی پورہ مدھریانوالہ حافظ آباد کو قتل کر دیا تھا۔ مقتول نوجوان محلہ جیلانی پورہ مدھریانوالہ کا رہائشی تھا اور گزشتہ شام سے گھر سے لاپتہ تھا۔ کرائم سین کی ٹیم نے موقع پر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ڈی پی او کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ثمر عباس کو ٹیکنیکل طریقہ سے ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم سے ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں تفتیش جاری ہے۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ قتل کی حتمی وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد بتائی جائے گی۔
پولیس حکام نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ صدر حافظ آباد پولیس کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔