معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ حافظ صلاح الدین یوسف انتقال کرگئے.

0
70

معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ حافظ صلاح الدین یوسف انتقال کرگئے.
لاہور (باغی ٹی وی )معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ, ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و تصنیف دارالسلام محقق العصر,مفسرقرآن حافظ صلاح الدین یوسف آج لاہور میں انتقال کرگئے. ان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر مرکز اہلحدیث لارنس روڈ پر ادا کی جائے گی.
حافظ صلاح الدین یوسف 1945ء میں جے پور ہندوستان کے علاقے میں پیدا ہوئے, قیام پاکستان کے بعد ان کے والد عبدالشکور ہجرت کے لئے تیار نا تھے لیکن حافظ صلاح الدین یوسف اپنے بھائی کے ساتھ ہجرت کرکے پاکستان لوٹ آئے. دوسال بعد ان کے والد بھی ہجرت کرکے پاکستان آگئے. ابتداء میں کئی دیر حیدر آباد سندھ میں مقیم رہے بعد میں کراچی منتقل ہوگئے. پاکستان منتقل ہونے کے بعد معاشی پریشانیوں سے دوچار ہوئے. خاندان میں تعلیم و تعلم کا رواج نہیں تھا.کراچی منتقل ہونے کے بعد جامعہ العلوم سعودیہ نامی ادارے سے ناظرہ و حفظ مکمل کیا. درس نظامی کا آغاز بھی یہیں سے کیا بعد میں یہ مدرسہ سولجر بازار میں منتقل ہوا اور دارالحدیث رحمانیہ کے نام سے جانا جانے لگا. دوران درس نظامی حافظ صلاح الدین یوسف نے اردو ادب سے متعلقہ لٹریچر کا بھی مطالعہ شروع کردیا.چودہ سال کی عمر میں حافظ صلاح الدین یوسف لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے دارلعلوم تقویۃ الایمان میں داخلہ لے لیا اس ادارے کے مہتمم سید داؤد غزنوی تھے. حافظ صلاح الدین یوسف مجلہ الاعتصام کے مدیر بھی رہے.24 سال مجلہ الاعتصام سے وابستہ رہنے کے بعد علمی و تحقیقی و تصنیفی ادارے دارالسلام کے ساتھ منسلک ہوگئے. ابتداء میں چار سال ریاض میں رہے جہاں انہوں نے تفسیر احسن البیان لکھنے کا آغاز کیا بعد ازاں لاہور واپس آگئے اور تفسیر مکمل کی. پوری دنیا میں یہ تفسیر پہنچی مختلف زبانوں میں اس کا ترجمہ بھی ہوا اور اس وقت تفسیر احسن البیان مقبول ترین تفاسیر میں اپنا الگ مقام رکھتی ہے. حافظ صلاح الدین یوسف قرآن مجید کا ترجمہ بھی کرچکے ہیں جو چند سال قبل دارالسلام سے شائع ہوا. اس کے علاوہ حافظ صلاح الدین یوسف نے کثیر تعداد میں کتب تصنیف کیں اور تراجم کیے. اس کے علاوہ حافظ صلاح الدین یوسف لاہور ہربنس پورہ کے علاقے میں ایک مسجد میں خطابت کے فرائض بھی سرانجام دے رہے تھے. حافظ صلاح الدین یوسف کی علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.یاد رہے آپکی تفسیر کو سعودی حکومت نے شائع کروا کر مفت تقسیم کروایا

Leave a reply