حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) وزیراعلیٰ کی کوآرڈنیٹر برائے پاپولیشن ویلفیئر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا میں جتنے بھی ممالک اور قوموں نے ترقی کی ہے، اس کا دارومدار تعلیم پر منحصر ہے۔ آج کے اس جدید دور میں کمپیوٹر، سائنس اور جدید ریسرچ پر مبنی تعلیم کا حصول نوجوانوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر ہم نے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں اپنے نظام تعلیم کو جدید اور بہتر بناتے ہوئے طلباء و طالبات کو ایسے مواقع فراہم کرنے ہوں گے جس سے وہ اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیم مقابلے جیتنے والے حافظ آباد ضلع کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی، سیاسی و سماجی رہنما شیخ گلزار احمد اور چودھری تہور حسین تارڑ نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں صوبہ بھر میں عوامی فلاحی کاموں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ انہوں نے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے جو انقلابی اقدامات کیے ہیں، ان کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ ہونہار اور پوزیشن ہولڈرز طلباء میں سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کی تقسیم ایک انقلابی پروگرام ہے، اس سے طلباء و طالبات کو اپنی تعلیم کو مزید بہتر بنانے میں بڑی سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی، اس نے علاقائی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاحی اقدامات کی تکمیل پر زور دیا۔ پنجاب کی سپر سی ایم مریم نواز نے اپنے دورِ اقتدار کے پہلے سال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی پروگرام شروع کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ اپنے صوبہ اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔
سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج خوشی ہو رہی ہے کہ حافظ آباد کے بچوں نے پنجاب بھر میں سٹیم مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور وزیراعلیٰ کی جانب سے ان مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے ہیروز کو بھی زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے اپنے وطن سے محبت کے اظہار میں ملی نغمے اور ترانے بھی پیش کیے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انہیں لیپ ٹاپ دے کر ان کی دلی حسرت پوری کر دی ہے اور اب وہ ان لیپ ٹاپ کے ذریعے اپنی تعلیم کو بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں گے۔ تقریب میں بہترین کارکردگی کے حامل سکول سربراہان اور دیگر اساتذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔