حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپسی آج سے شروع

0
43

وزارت مذہبی امور نے 31اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

باغی ٹی وی : وزارت مذہبی امور کے مطابق حاجیوں کوفی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپسی کے فیصلے پر عمل درآمد آج سے شروع ہو گیا ہے 5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم سرکاری سکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سبسڈی کی مد میں 31 اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ واپس ملیں گے رقم کی ادائیگی 17 اگست سے 31 اگست تک مکمل کی جائے گی

حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد پیر کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا تھا کہ حج 2022 بہترین طریقے سے اختتام پذیر ہو گیا ہے جس کے لئے ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے کم ترین وقت میں تمام انتظامات مکمل کر کے حج انتظامات کو ممکن بنایا ہے۔


انہوں نے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے سعودی حکومت اور پاکستان کی معیشت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، لازمی حج اخراجات سات ہزار ریال تک پہنچ گئے ہیں پہلے ہم نے حج پیکج کا تخمینہ نو لاکھ انچاس ہزار لگایا تھا مگر پھر ہم نے اس پر نظر ثانی کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ سے 15 ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج کو روٹ ٹو مکہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ تمام حاجیوں کو ٹرانسپورٹ کی فراہمی سمیت حرمین کے قریب رہائش گاہیں فراہم کی گئیں۔ اسی طرح منی میں جمرات کے قریب پاکستانیوں کے لئے خیمےحاصل کئے گئے اور میدان عرفات میں جبل رحمت اور مسجد نمرہ کے قریب پاکستانی حاجیوں کو خیمے فراہم کئے گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ واپسی کے لیے تمام عازمین حج کو سٹی چیک ان کی سہولت فراہم کی گئی اور حاجیوں کو ان کی رہائش گاہ پر سامان وصول کرکے بورڈنگ پاس جاری کیے گئے انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستان کا کوٹہ 81132 تھا مگر سعودی حکومت نے بنک متاثرین کے لیے دو ہزار کا اضافی کوٹہ دیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے حاجیوں کو سبسڈی دینے کا جو وعدہ کیا تھا ابتدائی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار کی رقم 32106 حاجیوں کو دینے کا وعدہ کیا ھا مگر ہم نے بعد میں دو ہزار اضافی کوٹہ والے بھی اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری سکیم کے تمام حاجیوں کو ایک لاکھ پچاس ہزار کی رقم کی ادائیگی کا عمل 17 اگست سے 31 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا. حجاج اپنی اصل شناختی دستاویزات دکھا کر یہ یہ رقوم اپنے متعلقہ بنکوں سے لے سکتے ہیں اور جن حاجیوں کے اکاؤنٹس ہیں ان کو ان کی رقم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔


5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم سرکاری اسکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی۔ 34 ہزار 49 سرکاری حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی جس کیلیے سرکاری حجاج مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔

Leave a reply