حج کے لیے آئے اللہ کے مہانوں کی خدمت پر فخر ہے: شاہ سلمان
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو حج کے لیے آنے والے اللہ کے معزز مہمانوں کی خدمت پر فخر ہے۔
تفصیلات کے مطابق منیٰ کے شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دنیا بھر سے حج کے لیے آئی اہم شخصیات اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر عالمی رہ نمائوں نے شاہ سلمان سے ملاقات کی۔
معزز مہمانوں سے خطاب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور سہولیات کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی کہا کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کی بہتر سے بہتر خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔
انہوں نے دنیا کے کونے کونے سے آئے مسلمان عالمی رہ نمائوں اور دیگر حجاج کرام کو حج کی ادائی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حج جیسی عظیم عبادت عالم اسلام کے اتحاد، رواداری، مذاکرات اور اخوت کا درس دیتی ہے۔ میں تمام حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائی پرانہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں اور سب کے کیےاس حج کو خیر، بھلائی کا ذریعہ قرار دینے کے لیے دعا گو ہوں۔
شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری توجہ کا مرکوز محور حجاج کرام اور ان کی خدمت ہے۔ اللہ کے مہمانوں کی بہتر خدمت اورحج کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔