
مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے موریطانیہ سے اسپین جانے والی کشتی کے المناک حادثے میں 44 پاکستانیوں کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم نہ کرنے کی وجہ سے سینکڑوں ماؤں کے لال ہر سال جان کی بازی ہار رہے ہیں۔ حکومت کو انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کرنی چاہیے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دینی چاہیے جو بے گناہ لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ٹاؤن میں تنظیمی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا مزید گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ پاک جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین