حکومت صحت انصاف کارڈ کے ذریعہ کتنے لوگوں‌ کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے؟ اہم خبر

0
54

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج سے مراد یہ ہے کہ ہر شہری کو بلاامتیاز اور کسی مشکل کے بغیر صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ حکومت صحت کے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے ماڈل کے حوالے سے دور روزہ قومی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینا اور اس کی روشنی میں مستقبل کے لیے لائحہ عمل وضع کرنا تھا۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اس سلسلہ میں جامع منصوبہ اور حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کس سطح پر کون سی سہولت فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے کیا ضروریات ہیں اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں ترجیحات اور وسائل کا تعین کیا جا رہا ہے صحت سہولت پروگرام کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے یقینی بنایاجا رہاہے.

انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس میں ڈی سی پی تھری کی بنیاد پر یونیورسل ہیلتھ کوریج کو پائلٹ کرنے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے یہ منصوبہ سب سے پہلے اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے اس سلسلے میں حکومت 14 ملین خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سات لاکھ بیس ہزار روپے تک بہترین علاج کی مفت سہولت میسرہو گی، اگر کسی گھرانے میں کوئی ایسی بڑی بیماری آ جاتی ہے جس میں دل کا اپریشن کروانا پڑتا ہے یا گردے ڈیلائسسز کروانے ہے یا ایسی بیماریاں جس سے مریض کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے۔ بہت سی بیماریاں ہیں جن کے علاج بہت مہنگے ہیں وہ خاندان اس مہنگے علاج کی استطاعت بھی نہیں رکھتا اور انتہائی ذہنی اور مالی پریشانی کا شکار ہو جاتاہے۔ ہمارا یہ صحت سہولت پروگرام ایسے خاندانوں کو صحت کی سہولت اور تحفظ فراہم کرتا ہے اورہم ان 14 ملین خاندانوں کو اس فکر سے آزاد کرنا چاہتے ہیں ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد جن کو یہ صحت انصاف کارڈ جاری کئے گئے ہیں اچھے پرائیویٹ ہسپتال میں باعزت طریقے سے اپنا اور اپنے پیاروں کا معیاری علاج کروا سکیں گے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک کے ہر کونے میں بسنے والے غریب افراد کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے صحت کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ورکشاپ میں صحت سے متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں، عالمی ادارہ صحت ، صحت کے شعبہ میں کام کرنے والے اداروں اور متعقلہ نمائندوں نے شرکت کی۔

Leave a reply