ہمیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا، طاہر محمود اشرفی

0
28

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی اورچیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آج ہمارے سیلاب زدگان سخت مشکل میں ہیں اور یہ ایسا وقت ہے کہ ہم نے بغیر کسی تعصب کے ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے۔پیغام پاکستان یہی درس دیتا ہے کہ مصیبت میں دوسروں کی مدد کرو، ہمیں مل کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ”پیغام پاکستان علماء کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس کا انعقاد حکومت پنجاب اور اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے کیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمارا فخر ہیں۔آج ملک میں سیلابی صورتحال ہے، پاک فوج کے جوان اور مذہبی جماعتوں کے رضاکار سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میدان میں ہیں۔موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتیں تین ماہ کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے مصروف ہو جائیں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان ایک دستاویز ہے جس پر ملک کے پندرہ ہزار علماء کرام کے دستخط ہیں اور یہ ایک ضابطہ اخلاق اور زندگی گزارنے کا اصول ہے۔پیغام پاکستان میں اپنے مسلک اور عقیدے پر رہتے ہوئے دوسروں کے مسلک اور عقیدے کا احترام سکھایا گیا ہے۔پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد سب سے بڑی دستاویز ہے جس میں اقلیتوں کے حقوق متعین کئے گئے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ ہماری عبادت گاہیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کیلئے استعمال ہونی چاہئے نہ کہ نفرت اور تعصب کیلئے، آئین پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل حقوق دیئے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان کا سب سے بڑا نقطہ امن کا ہے، سال 2000 کے بعد ہمارے ملک پر دہشت گردی مسلط کی گئی۔

پاکستانی فوج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور فتح حاصل کی، ہم نے مل کر اس ملک کو مضبوط بنانا ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنی ہیں۔دشمن اس ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے، ہم نے مل کر ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ سیلابی صورتحال میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو لوگوں کی مجبوری سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔ منافع خور اور ذخیرہ اندوز اللہ کے قہر سے ڈریں

۔شوکت ترین کی مبینہ آڈیو ویڈیو کے حوالے سے سوال پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے۔ اگر پاکستان پر مشکل وقت آئے گا تو پوری پاکستانی عوام مشکل میں آ جائے گی۔ سب کو پاکستان کی بہتری کیلئے مل کر سوچنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پیغام پاکستان علماء کانفرنس میں بڑی تعداد میں علماء کرام اور مشائخ نے شرکت کی

Leave a reply