اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) حاصل پور روڈ پر واقع سولر پارک کے قریب آلو کی فصل میں چوری کے الزام پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا، جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت 23 سالہ دلشاد ولد محمد امین کے نام سے ہوئی ہے، جو چک نمبر 8 بی سی، حاصل پور روڈ، بہاولپور کا رہائشی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص آلو چوری کر رہا تھا، جسے مقامی افراد نے پکڑ کر مارا۔ بعد ازاں وہ اپنے ساتھیوں کو بلا کر لے آیا، جس کے نتیجے میں دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دلشاد زخمی ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ ریسکیو عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔