مزید دیکھیں

مقبول

ہتھیار کو ہمارے اوپر استعمال کرو گے تو ہتھیار ہمارے پاس بھی ہیں،گنڈاپور کی دھمکی

صوابی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تحریک انصاف کے یومِ سیاہ کے موقع پر ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے بدلہ لینے کا سوچ لیا تو وہ تم لوگ برداشت نہیں کر سکو گے۔ اگر نفرتوں کو بڑھایا گیا تو اس کا پاکستان کو شدید نقصان ہوگا۔

آج تحریک انصاف کے کارکنوں نے عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر صوابی میں ایک جلسہ کیا۔ جلسے کا مقصد گزشتہ انتخابات میں تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کرنے کے حوالے سے احتجاج کرنا تھا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم آگے بڑھیں گے اور جیتیں گے، عمران خان جیل میں بیٹھ کر جیت گیا ہے۔ چھوڑ دو ان مینڈیٹ چوروں کا ساتھ، آؤ پاکستان کے لیے پاکستان کے عوام کی آواز سنو۔ ہم حق مانگتے ہیں، آئین کا تحفظ مانگتے ہیں،اگر تم بات چیت کے لیے تیار نہیں تو جواب دینا ہمیں بھی آتا۔ اگر تم ہمارے ہی دیے گئے ٹیکس کے پیسوں سے لیے گئے ہتھیار کو ہمارے اوپر استعمال کرو گے تو ہتھیار ہمارے پاس بھی ہیں،

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 فروری کو عوام نے تحریک انصاف کے بانی کو اکثریت دلائی تھی، مگر بدقسمتی سے رات کی تاریکی میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کر لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے حق کو سلب کرنا غیر جمہوری عمل ہے اور تحریک انصاف اس ظلم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدرجنید اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت دلوں پر راج نہیں کرتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد اداروں کو مضبوط بنانے اور قانون کی حکمرانی کے لیے جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوں گے، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ وہ موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور اسے جعلی حکومت قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے حقیقی جمہوریت اور سچے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے بھی اس جلسے میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کا مینڈیٹ چھینا گیا اور اس کے خلاف احتجاج ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کے لیے تمام جماعتوں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا اور ہم سب کو آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔

اس موقع پر پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ہر فرد کو اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری ملک کی ترقی اور عوام کے حقوق کی ضمانت ہے۔

پاکستان ملی لیبر فیڈریشن لاہور کی تقریب حلف برداری

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan