ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے کمر کس لی ،بھر پور مہم چلانے کا فیصلہ

0
67

لاہور :ملک میں‌ہیپا ٹائٹس کے پھیلتے ہوئے مرض کے خلاف آگہی پیدا کرنے کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے کمر کس لی ہے. ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس کی آگاہی کے حوالے سے صوبے بھر میں مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ مہم کے دوران بیوٹی سیلون اور حجام کی دکانوں کی خصوصی طور پر رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں حفطان صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں دس فیصد شہری ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں اسی لئیے اٹھائیس جولائی کو ہیپاٹائٹس کے عالمی دن سے پہلے پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر محمد ہارون جہانگیر کا کہنا ہے کہ غیر معیاری انتقال خون، آلودہ آلات جراحی اور حجامت کے لئے استعمال ہونے والے اوزار ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلنے کی وجہ ہیں،، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیپاٹائٹس جیسے مہلک مرض سے بچا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب کے مینجر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ تاحال پچپن ہزار سے زائد بیوٹی سیلون اور حجام کی دکانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ اس مہم کے دوران نہ صرف مزید رجسٹریشنز کی جائیں گی بلکہ انہیں ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ہیپاٹائٹس کے حوالے سے آگاہی دینے کے لئے معروف سماجی رہنما منیبہ مزاری نے کہا کہ اس مہلک مرض سے نجات کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

ہیپاٹائٹس آگاہی مہم کے دوران صوبے بھر میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ اور ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینیشن بھی کی جائے گی۔یاد رہے کہ ہیپا ٹائٹس کے حوالے سے حکومت کے علاوہ کئی رفاعی تنظیمیں بھی کام کررہی ہیں. لیکن اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں‌ہورہا.

Leave a reply