لنڈی کوتل: مشتبہ شخص سے 4 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلوگرام چرس برآمد
لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) لنڈی کوتل پولیس نے منشیات سپلائر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کے قبضے سے 4 کلوگرام ہیروئن اور 1 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ ملوث ملزم کو موقع پر گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی کی جانب سے موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کے ایڈیشنل ایس ایچ او عظمت ولی شینواری نے علاقہ خوگا خیل دلخاد بائی پاس پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ پیدل شخص سجاد خان ولد ایوب، سکنہ خوگا خیل، کو روکا گیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے، اور ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ عوام نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا ہے۔