ہندوستان مسلمان مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن بند کرے،ایمنسٹی انٹرنیشنل

0
61

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں جاری مسلمانوں پر تشدد کے واقعات پر مذمت کا اظہار کیا ہے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارت میں سربراہ آکار پٹیل نے کہا ہے کہ ہندوستان مسلمان مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن بند کرے۔


انہوں نے کہا کہ امتیازی سلوک پر آواز اٹھانے والے مسلمانوں پر حکومت کریک ڈاؤن کررہی ہے، من مانی حراست،گھروں کی مسماری بھی انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اس کے علاوہ ایمنسٹی انٹر نیشنل نے مظاہرین کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو بھارت کے مختلف شہروں میں توہین رسالت ﷺ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے لیکن انتہاپسند ہندوؤں اور پولیس نے بھارتی شہر رانچی میں فائرنگ کر کے 16 سالہ نوجوان سمیت 2 افراد کو قتل کیا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلمان مظاہرین کو پولیس اور ہندو انتہا پسند جتھوں نے گولیاں ماریں اور تھانوں کے اندر بھی بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت کو مسلمانوں پر بد ترین تشدد اور فائرنگ کرنے کے بعد بھی چین نہ آیا اور احتجاج میں شرکت کرنے والے مسلمانوں کے اسرائیلی طرز پر گھر مسمار کرنا شروع کردیے ہیں۔

ان تمام واقعات میں سب سے اہم بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ باد میں ویلفیئر پارٹی کے رہنما محمد جاوید کی گرفتاری اور ان کا گھر مسمار کرنا ہے-

واضح رہےکہ بھارت میں حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سابق خاتون ترجمان نوپور شرما کی جانب سے رسول اللہ ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیان کے بعد پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے-

احتجاج مہم کے باعث کئی عرب ممالک نے بھارتی سفیروں کو طلب کرکے احتجاج کیا اور بھارتی حکومت سے معافی کا بھی مطالبہ کیا۔ عرب ممالک کے بعد یہ سلسلہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پھیل گیا اور کئی اسلامی ممالک نے بھی بھارت کے سفیروں کو بلا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اس سب کے باوجود حکومتی سطح پر بی جے پی نے معافی نہیں مانگی بلکہ بھارت میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر ہی تشدد کا بازار گرم کردیا۔

Leave a reply