مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیرانوارالحق نے بھارتی گولہ باری سےشہید اور زخمی ہونے والے افراد کےگھروں کا دورہ کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیرنے زخمی ہونے والوں میں چیک تقسیم کیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مودی کی جارحیت کا جوا ب بھرپورانداز میں دیا، شہری دفاع کی ضرورت جتنی بڑے شہروں میں ہے اتنی ہی ایل اوسی پربھی ہے،مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کارکردگی بہتر بنارہے ہیں۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا مظہر سعید نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں اب تک 11 افراد شہید جبکہ 56 افراد زخمی ہو چکے ہیں شہدا میں 3 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
مولانا مظہر سعید کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں کے بعد مجموعی شہادتوں کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے، وادی نیلم کے دو دیہات سے 572 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 29 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور 206 کو جزوی نقصان پہنچا یا ایل او سی کے علاقوں میں خوراک اور ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔