حوثی باغیوں کی طرف سے بھیجا گیا ڈرون طیارہ تباہ کر دیا، عرب اتحاد کا دعویٰ

سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے دھماکہ خیر مواد کا حامل ایک ڈرون طیارہ تباہ کر دیا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حوثیوں باغیوں کی جانب سے اڑایا گیا تھا جسے فضا میں تباہ کر دیا گیا. عرب اتحاد کے مطابق یہ طیارہ الحدیدہ صوبے سے روانہ ہو کر حجہ صوبے کے شمال مشرقی علاقے کی جانب محو پرواز تھا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں پندرہ جون کو سعودی فضائیہ نے حوثیوں کی جانب سے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور خمیس مشیط کی جانب بھیجے جانے والے 5 ڈرون طیاروں کو مار گرایا تھا۔ یمن میں عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق حوثی باغی مملکت سعودی عرب میں شہری تنصیبات اور دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم وہ اپنی غیر ذمے دارانہ اور دشمنانہ کارروائیوں کے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے۔
حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں مقدس مقامات کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں.