fbpx

حکومت کا پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر غور

حکمران اتحاد نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر حتمی غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے پرویز الہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے سے متعلق فیصلے پر وفاقی حکومت و حکمران اتحاد کو شدید تحفظات ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں سیاسی بحران شدت اختیار کرگیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلوں کے پارلیمان میں زیر بحث آنے کے قوی امکانات ہیں۔ آج قومی اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا قوی امکان ہے۔

حکمران اتحاد نے پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری پر حتمی غور شروع کردیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی حکمران اتحاد سے حتمی مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں سپریم کورٹ کے پارلیمان کے امور میں مداخلت کی بازگشت کا بھی امکان ہے۔ حکمران اتحاد کے اہم رہنماؤں نے اس معاملے پر قانون سازی کرنے اور ایسی مہم چلانے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے خامتے کے بعد قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت اس اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے۔

عمران خان کی ہدایت کے بعد پی ٹی آئی ارکان قومی سمبلی نے بھی استعفے دینے شروع کر دیئے تھے۔