پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی نے ایک تاریخ رقم کر دی ہے، سینکڑوں لوگ موت کے منہ میں جا چکے ہیں ، گھر اور دیہات صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں. ایسے میں ہر کوئی اپنے تائیں جتنا ہو سکے سیلاب زدگان کی مدد کررہا ہے. ہم ٹی وی بھی اس میں پیچھے نہیں رہا. ہم ٹی وی کے سی ای او درید قریشی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہم ایوارڈز کینڈا کے پلیٹ فارم کو سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے اور ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے آمدنی کا ایک حصہ امداد اور بحالی کی کوششوں کیلئے عطیہ کریں گے. انہوں نے یہ اعلان ہمدرد فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون کے دوران کیا .اس سے پہلے بھی ہم نیٹ ورک نے سیلاب متاثرین کےلئے فنڈز اور اشیائے ضروریہ کے لئے ٹیلی تھون کا اہتمام کیا جس کی میزبانی احسن خان‘
صنم جنگ اور کرن خان نے کی تھی. اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کریں. یاد رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا بدترین سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا جیسا اس بار آیا ہے. سیلاب زدگان کھلے آسمان کے نیچے امداد کے منتظر بیٹھے ہوئے ہیں . اس سیلاب کی تباہ کاریوں کی متعدد وڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں یہ تمام وڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں.