بدانتظامی اورمہنگے ٹکٹ کی فراہمی : سعودی ایئرلائن دفتر کے باہر سینکڑوں افراد کا احتجاج

0
22

اسلام آباد: بدانتظامی اورمہنگے ٹکٹ کی فراہمی : سعودی ایئرلائن دفتر کے باہر سینکڑوں افراد کا احتجاج،اطلاعات کے مطابق ٹکٹ کنفرم نہ کرنے اور مہنگے داموں دوسرے مسافروں کو ٹکٹ دینے پر سعودی ایئرلائن کے دفتر کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا۔

ذرائع کے مطابق سعودی ایئرلائن کے دفتر کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا، مسافروں کا کہنا ہے کہ ریٹرن ٹکٹ لیے ہوئے ہیں، ٹکٹ کنفرم نہیں کیے جارہے ہیں، ٹکٹ مہنگے داموں دوسرے مسافروں کو دئیے جارہے ہیں۔مسافروں کے احتجاج کے باعث سعودی ایئرلائن کا دفتر بند کردیا گیا، مسافروں نے آفس کا گھیراؤ کرلیا۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر اقاموں کی آخری تاریخ ہے، تجدید کی فیس 90 ہزار روپے ہے، 30 ستمبر تک واپس نہ گئے تو اقامے ختم ہوجائیں گے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ سعودی ایئرلائن کا یکطرفہ ٹکٹ 40 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 75 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے جدہ ، مدینہ یا دمام کیلئے یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ ستائیس ہزار روپے کردیا گیا تھا جب کہ لاہور ، اسلام آباد یا پشاور سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ ایک لاکھ تینتیس ہزار کردیا گیا تھا۔

لاہور اسلام آباد یا پشاور سے ریاض اور دمام کا یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ اکتیس ہزار تک جا پہنچا۔ اس سے پہلے پاکستان سے سعودی عرب کا کرایہ چوراسی ہزار تھا۔

پی آئی اے نے اپنے تمام ٹریول ایجنٹس کو نئے کرایوں سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کرایہ میں اضافہ سعودی حکومت کی طرف سے پروازوں میں کورونا کے باعث پچیس فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

Leave a reply