حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا،حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔
یوم عاشور کے موقع پر میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امام حسینؓ دنیا بھر کے انسانوں کے لئے شجاعت کا ایک درس ہیں، حسینیت دراصل ایک عظیم مقصد کی خاطر مزاحمت کا دوسرا نام ہے اور یوم عاشور کا سبق یہی ہے کہ ہم نے اپنے کردار میں حسینی بن کر وقت کے یزیدوں کو للکارنا ہے
انہوں نے کہا کہ خاندانِ اہلبیتؓ نے سرزمین کربلا پر ایسی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک انسانیت اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکتی، صدیاں بیت گئیں مگر حضرت محمدﷺ کے خانوادے کے مصائب کا دکھ آج بھی تروتازہ ہے اور یہ غم امام حسینؓ کے پیروکاروں کو کمزور نہیں کرتا بلکہ اس کی خوبی یہ ہے کہ یہ شجاعت پیدا کرتا ہے، امام حسینؓ نے ہمیں اپنے کردار سے سکھایا ہے کہ ظالم کے خلاف مزاحمت میں خواہ کتنی بڑی قربانی دینا پڑے، ہمیں اس سے دریغ نہیں کرنا چاہئیے،کربلا میں شیر خوار بچوں سے کڑیل جوانوں تک دنیا کے بہترین انسانوں نے شہادت کا جام پی کر انسانیت کو سرخرو کردیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اور کردارِ حسینؓ کی تقلید میں پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں، فلسفہ حسینیت ہی دراصل ہمارا منشور ہے اور مزاحمت کا عَلم تھام کر ہم اہلیان کربلا کی پیروی کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.