پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، اچھرہ میں گھر میں آتشزدگی سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے، آگ عمارت کی پانچویں منزل پر لگی۔
اعظم چوک اچھرہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا،آگ لگنے سے گھر میں موجود 4 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں میں 12سالہ امان ،8سالہ نور ،5سالہ ابراہیم ،2سالہ اسماعیل شامل ہیں،ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا جبکہ کولنگ کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے،پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی مکمل کر لی، پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ سلنڈر کی وجہ سے لگی،رات کو سلنڈر جل رہا تھا،
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے اور بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں
4 بہن بھائیوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کی افسوسناک اطلاع نے نہایت غمزدہ کر دیا،شہباز شریف
سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اچھرہ، لاہور میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 4 بہن بھائیوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کی افسوسناک اطلاع نے نہایت غمزدہ کر دیا ہے۔ گیس سلنڈرز کے معیار کو بہتر بنانے اور خصوصاً سردیوں میں چولہوں اور ہیٹرز کے استعمال کو محفوظ بنانے کے لیے ایک آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے تاکہ معصوم جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے، آمین۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کا اچھرہ آگ سے متاثرہ گھر کا دورہ،لواحقین سے کی ملاقات
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اچھرہ میں آتشزدگی سے مرنے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی، انہوں نے گھر میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے رشتہ داروں سے تعزیت کی،صوبائی وزیر ہاؤسنگ بیرسٹر اظفر علی ناصر اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا بھی ہمراہ تھے، اس موقع پر عامر میر کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت عمارت کی پانچویں منزل میں آگ بھڑکنے سے چار بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ دکھ اور غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے بروقت جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دی تھیں۔ پولیس اس واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش بھی کر رہی ہے۔
عامر میر اور اظفر علی ناصر نے عمارت کی 5ویں منزل پر جلنے والے کمرے کا جائزہ بھی لیا، ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق کمرے میں آگ چولہے کے باعث لگی۔ آگ اچانک بھڑکی اور منٹوں میں پورا کمرہ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔کمشنر لاہور کے مطابق تمام انتظامی افسران موقع پر موجود ہیں، متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں۔صوبائی وزیر ہاوسنگ پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے دعا کرائی۔
ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے ادویات کی قلت پر توجہ دلاؤ نوٹس دیا،
فوج مخالف پروپیگنڈہ کےخلاف سینیٹ میں قرارداد متفقہ طور پر منظور
تمام امیدواران کو الیکشن کا برابر موقع ملنا چاہئے
عام انتخابات کے دن قریب آئے تو تحریک انصاف کی مشکلات میں اضافہ