fbpx

آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس، مشترکہ ایکشن پلان تیار کر لیا

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی زیر صدارت پیشہ وارانہ گداگری کے خاتمے کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر کامران عادل ،ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر،اے آئی جی آپریشنز عثمان ٹیپو جبکہ نمائندگان میں سابق ایم این اے سرپرست اعلی پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان، ممبر پارلیمانی کمیشن برائے قومی انسانی حقوق محمد شفیق،ممبر این سی آر سی ڈاکٹر روبینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور اسلام آباد کے لیبر ڈائریکٹوریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی ،اجلاس میں پیشہ ور بھکاری اور ان کے ٹھیکیداروں کے خاتمے ،اوراس میں شامل خواتین و بچوں کی اصلاح و آبادکاری کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے اجلاس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب متعلقہ محکموں کو مل کر مشترکہ ایکشن پلان بنانا چاہیے پولیس صرف ان گداگروں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے جبکہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے دیگر محکموں کا کام ہے مزید انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں پیشہ وربھکاری ایک مافیا کی شکل اختیار کرچکا ہے جس کے خاتمے کیلئے معاشرے کے باشعور افراد کی ذمہ داری بنتی ہے اس کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاہم اسلام آباد پولیس نے اس زمرے میں اقدامات کرتے ہوئے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف باقاعدہ طور کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے سال رواں میں متعدد پیشہ ور بھکاری مافیا اور ان کے ٹھیکیداروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرکے جیل بھجوایا جبکہ اس مافیا میں شامل خواتین اور بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میں منتقل کیا گیا ،اس سلسلے میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو بھی پیشہ ور بھکاریوں ،اس گروہ میں شامل خواتین و بچوں کی بحالی اور ان کی تعلیم و تربیت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ایسے اقدامات سے ان عناصر کی ناصرف حوصلہ شکنی ہوگی ان کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی، مزید انھوں نے کہا کہ اس میں بہتری لانے کے لئے اپنی تجاویز اورآراءسے آراستہ کریں تاکہ مستقبل میں ایسے بھکاری مافیا سے وفاقی دارلحکومت کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنایا جاسکے۔

اجلاس میں موجود شرکاءنے پیشہ ور بھکاری و ٹھیکیداروں کے خاتمے،بچوں و خواتین کی اصلاح جیسے کئے جانے والے اقدامات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اسلام آباد پولیس کی طرف سے ان کے خاتمے کے لئے اقدامات کو سراہا،آئی جی اسلام آباد نے اجلاس کے شرکاءکا تجاویز اور آراءپیش کرنے پر شکریہ اد ا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس مافیا کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرنا ہے، مستقبل میں بھی ایسے اجلاس جاری رہنے چاہییں، ایس ایس پی آپریشنز کو بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اس اجلاس کا مقصد بھکاری مافیا کے خاتمے کے ساتھ خواتین و بچوں کی اصلاح و بحالی جیسے اقدامات کرنا مقصود ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.