درختوں کی غیر قانونی کٹائی کرنے والوں کی اب خیر نہیں!!!!
سیکرٹری جنگلات کیپٹن آصف کا کہنا ہے کہ جنگلات کا فروغ اور تحفظ اولین ترجیحات ہیں۔ سرسبز پاکستان ویثرن کے تحت ماڈل جنگلات بنائے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری جنگلات پنجاب کیپٹن (ر) محمد آصف نے محکمہ جنگلات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جنگلات اور شجرکاری سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں نئی فاریسٹ پالیسی کے بیشتر نکات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور بعض نکات کے فوری نفاذ بارے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری جنگلات نے کہا ہے کہ پنجاب میں جنگلات کے فروغ اور تحفظ کیلئے محکمہ جنگلات عملی اقدامات کر رہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر میں غیر قانونی شکار اور درختوں کی کٹائی روکنے کیلئے منظم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں لکڑی چوری اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر نافذ سزاؤں میں مزید سختی کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کابینہ اجلاس میں فاریسٹ پالیسی کی منظوری کے بعد جنگلات کے تحفظ اور نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کی ٹیموں اور دیگر مقامی عملے کو مانیٹرنگ کے نیٹ ورک میں وسعت لاتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات دیں اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کرنے کیلئے جنگلات کی بڑھوتری اور شجرکاری پر توجہ دینے اور ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کیپٹن محمد آصف نے کہا کہ حکومت کی خاص ہدایت پر محکمہ جنگلات نے جنگلات کی بحالی کیلئے مربوط پالیسی بنا رکھی ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور بحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ سیکرٹری جنگلات نے بلین ٹری سونامی پروگرام کا ہدف 2023 تک مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شجرکاری تیز ترین مراحل میں مکمل کرنے کیلئے تیز ترین حکمت عملی پر کام کرنے کی ہدایات دیں اور مزید کہا کہ جنگلات کا فروغ، تحفظ و بحالی اولین ترجیحات کا حصہ ہیں اسی ضمن میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہرا بھرا پنجاب کے ویثرن کے تحت پنجاب کے جنگلات کو ماڈل جنگلات بنایا جا رہا ہے جس پر مرحلہ وار عملدرآمد بھی جاری ہے۔