آل راؤنڈر عماد وسیم کو ابوظہبی میں 28 نومبر سے شروع ہونے والی آئندہ ٹی 10 لیگ کھیلنے کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال لا سامنا ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عماد کو این او سی نہیں دیا ہے کیونکہ اعلیٰ حکام چاہتے ہیں کہ تمام کھلاڑی آئندہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کریں۔
قومی ٹی 20 کپ میں حصہ لینے والے 18 ریجنز میں سے ایک اسلام آباد ٹیم کے ایک قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ عماد اس وقت تک اسکواڈ کا حصہ نہیں بنیں گے جب تک کہ انہیں ٹی ٹین لیگ کے لیے این او سی پر وضاحت نہیں مل جاتی۔ پی سی بی کے ایک ذریعے نے اس نمائندے کو بتایا کہ این او سی کے معاملے کی وضاحت مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے دفتر واپس آنے کے بعد دی جائے گی۔ ذکا ء اشرف ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کے موقع پر آئی سی سی کی میٹنگ میں شرکت کے لیے بھارت گئے جہاں آسٹریلیا ریکارڈ چھٹی مرتبہ چیمپئن بن کر ابھرا۔ عماد وسیم ٹی 10 لیگ کے لیے دکن گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں۔ فرنچائز عماد کی دستیابی پر گرین سگنل حاصل کرنے کے لیے پی سی بی کی طرف بھی دیکھ رہی ہے۔