
تیزی سے شہرت سمیٹنے والے اداکار عمران اشرف اور ان کی اہلیہ کرن اشفاق کے درمیان کافی عرصے سے طلاق کی خبریں گردش کررہی تھیں لیکن دونوں جانب سے اس قسم کی خبروں کی نہ تصدیق ہو رہی تھی نہ ہی تردید. تاہم عمران اشرف کی اہلیہ کرن اشفاق نے چند ہفتے پہلے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ سے عمران اشرف کی تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دیں تھیں اور اپنے نام کے ساتھ سے شوہر کا نام بھی ہٹا دیا تھا، اور اس قسم کے سٹیٹس شئیر کئے تھے جس سے ان دونوں کے رشتے کی خرابی واضح تھی. چونکہ عمران اور کرن دونوں نے باقاعدہ اعلان نہیں کیا تھا کہ ان کے راستے الگ ہو گئے ہیں یا تعلق میں خرابی چل رہی ہے اس لئے چند دن سوشل میڈیا پر اس قسم کی بحث جاری رہنے کے بعد لوگوں نے خاموشی اختیار
کر لی. لیکن اب عمران اشرف اور کرن اشفاق نے اپنے درمیان طلاق کی صورت میں علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے. دونوں کا کہنا ہے کہ ہم بھاری دل سے یہ اعلان کررہے ہیں لیکن ہم نے باعزت طریقے سے اپنے راستے الگ کر لئے ہیں تاہم ہمارا بچہ ہماری ترجیحات میں رہے گا ہم اس کے لئے بہترین والدین بن کر رہیں گے. ہم اپنے مداحوں اور میڈیا سے گزارش کرتے ہیں کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کیا جائے. یوں عمران اشرف اور ان کی اہلیہ کے رشتے کے اختتام کی تصدیق خود ان دونوں نے آخر کار کر دی ہے. یاد رہے کہ دونوں کی شادی 2018 میں ہوئی تھی.